ممبئی ،23؍ فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے آج کہا کہ پی این بی بینک سے دھوکہ دہی کے مجرم انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے اور زور دیا کہ این ڈی اے حکومت نے گھوٹالے باز بدعنوان لوگوں کا کبھی دفاع نہیں کیا۔گڈکری پنجاب نیشنل بینک میں 11400کروڑ روپے کے مبینہ جعلسازی اور اس سے متعلق واقعات پر سوالات کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ مجرم انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے۔ہماری حکومت نے کبھی ایسے لوگوں کا دفاع نہیں کیا اور قوم کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔بڑے جعلسازی پر وزیر اعظم کی خاموشی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں اس پر وزیر اعظم کو کچھ بولنا چاہئے، انہیں یہ بھی جانناچاہیے کہ اس کے لیے کون ذمہ دار ہے۔ریاست کی سیاست میں اپنی ممکنہ واپسی پر وزیر نے کہا کہ وہ نئی دہلی میں جم چکے ہیں اوران کا اپنے آبائی ریاست مہاراشٹر میں واپس لوٹنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ان کے پاس روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے، شپنگ، آبی وسائل اور گنگا تحفظ جیسا اہم عہدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ میں صاف کر دوں کہ میں کسی بھی صورت میں ممبئی اور مہاراشٹر نہیں آ رہاہوں۔ہاں پہلے میں ممبئی اور مہاراشٹر نہیں چھوڑنا چاہتا تھا۔لیکن اب میں دہلی میں جم چکا ہوں اورجس کام کی ذمہ داری میرے سپرد ہے اس سے مطمئن ہوں۔میں اب جذباتی طور پر دہلی سے منسلک ہوں۔مجھے بہت کچھ کرنا ہے۔گڈکری کا یہ تبصرہ ایسے وقت آیا ہے جب قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انہیں دیویندر فڑنویس کی جگہ مہاراشٹر کا وزیر اعلی بنایا جا سکتا ہے۔